اسلام آباد : بھارت نے وزیر دفاع خواجہ آصف کا ‘ایکس اکاؤنٹ’ بلاک کردیا، اس سے قبل یوٹیوب پر پاکستان کے سولہ چینلز کی نشریات بلاک کردی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت سچ چھپانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا، بھارت نے وزیر دفاع خواجہ آصف کا ایکس اکاونٹ بلاک کردیا۔
گزشتہ روز بھارت نے یوٹیوب پر اے آر وائی نیوز سمیت سولہ چینلز کی نشریات بلاک کردی تھیں جبکہ اس سے پہلے بھی مودی سرکار پاکستانی حکومت کے ایکس اکاونٹس پر بھارت میں پابندی لگا چکی ہے۔
مزید پڑھیں : مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار، اے آر وائی نیوز سمیت 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی
بھارتی میڈیا کا کہنا تھا ان چینلز نے بھارت کے فالس فلیگ آپریشن سمیت دیگر جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی تھی، جس کے بعد بھارت کو سچ اور حقائق بھارتی فوج اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف جھوٹ لگنے لگے۔
خیال رہے پہلگام واقعے کی حقیقتیں آشکار کرنے پر بھارتی میڈیا تلملا گیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں ہوئے واقعے پر جھوٹا اور گمراہ کن بیانیہ پیش کیا جا رہا ہے لیکن اس کی مثال پیش نہیں کی گئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ بھارت میں پاکستانی چینلز پرپابندی مودی سرکار کی اپنی ناکامیوں اوراندرونی تضادات کو چھپانے کی کوشش جاری ہے۔