کینیڈا میں کچھ دنوں سے لاپتہ بھارتی طالبہ کی لاش ساحل سمندر سے برآمد کرلی گئی ہے، بھارتی ہائی کمیشن نے بھی لاش ملنے کی تصدیق کردی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی طالبہ ونشیکا گزشتہ کچھ دنوں سے لاپتہ تھی۔ لڑکی کی لاش ملنے کے بعد مقامی پولیس نے موت کی وجہ جاننے کیلیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ونشیکا کی لاش ساحلِ سمندر سے ملی ہے، اہلخانہ کی جانب سے لاش ملنے کے بعد تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
ونشیکا بھارت کی سیاسی جماعت عام آدمی پارٹی کے رہنما کی بیٹی تھی، جو ڈھائی سال قبل تعلیم حاصل کرنے کے لیے کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا پہنچی تھی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ونشیکا 25 اپریل سے لاپتہ تھی اور اسی رات سے اس کا فون بھی بند تھا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اور بھارت سے تعلق رکھنے والی طالبہ ہلاک ہوگئی تھی۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ 21 سالہ بھارتی طالب علم ہرسمرت رندھاوا بس اسٹاپ پر بس کا انتظار کر رہی تھی کہ اچانک ایک کار سوار نے فائرنگ کر دی۔ مقتولہ اونٹاریو کے موہاک کالج کی طالبہ تھی۔
کینیڈا پولیس کے مطابق طالبہ کی موت اندھی گولی لگنے کے باعث ہوئی ہے، جبکہ اس سلسلے میں مزید تحقیقیات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔
بھارتی طالبہ کی فلپائن میں سالگرہ کے دن مشتبہ موت، دوستوں نے کیا بتایا؟
بھارتی قونصلیٹ کے مطابق 2 کار سواروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔ اس موقع پر طالبہ کو سینے میں گولی لگی جس کے بعد اسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔