کینیڈا میں ہونے والے وفاقی انتخابات میں 6 پاکستانی نژاد کینیڈین کامیابی حاصل کرکے سرخرو ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسکار بورو ڈان ویلی ایسٹ سے سلمٰی زاہد، مسی ساگا ایرن ملز سے اقرا خالد اور برامپٹن چِنگوزی پارک سے شفقت علی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
اٹاوہ سینٹر سے یاسر نقوی، پیئرفونڈز ڈالرڈ سے سمیر زبیری اور ہملٹن سینٹر سے اسلم رانا لبرل پارٹی آف کینیڈا کے پلیٹ فارم سے الیکشن جیتے ہیں۔
سلمٰی زاہد، اقرا خالد، شفقت علی، یاسر نقوی اور سمیر زبیری پہلے بھی ارکانِ پارلیمنٹ رہ چکے ہیں جبکہ اسلم رانا پہلی بار رکنِ پارلیمنٹ بنے ہیں۔ الیکشن میں 50 سے زائد پاکستانی نژاد امیدواران نے حصہ لیا تھا۔
واضح رہے کہ کینیڈا میں لبرل پارٹی نے الیکشن میں مسلسل چوتھی بار میدان مار لیا ہے، کنزرویٹو پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ووٹنگ کے بعد ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق لبرل پارٹی کے مارک کارنی کو برتری حاصل ہو گئی ہے، لبرل پارٹی کینیڈا کی اگلی حکومت تشکیل دے گی۔ وزیر اعظم مارک کارنی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی جنگ اور الحاق کی دھمکیوں کے خلاف لڑنے کا وعدہ کرتے ہوئے کینیڈا کے وفاقی انتخابات میں فتح کا اعلان کیا۔
59 سالہ ہارورڈ سے پڑھے ہوئے کارنی نے کبھی کوئی سرکاری عہدہ نہیں سنبھالا لیکن ان کا اقتصادی تجربہ شان دار ہے، وہ کینیڈا اور برطانیہ کے اہم بینکوں کے سربراہ رہ چکے ہیں۔
قدامت پسند رہنما پیئر پوئیلیور نے شکست تسلیم کر لی، کارنی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کینیڈینز نے ایک ایسی حکومت کا انتخاب کیا ہے جو اکثریت حاصل نہیں کر سکی ہے، جب کہ نیو ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما نے کہا کہ وہ اپنی نشست ہارنے کے بعد استعفیٰ دے رہے ہیں، انھوں نے بائیں بازو کی تنظیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار بھی کیا۔
کینیڈا: ساحل سمندر سے بھارتی طالبہ کی لاش برآمد
واضح رہے کہ ووٹرز نے معیشت اور امریکا سے سفارتی و تجارتی معاملات پر ووٹ دیا، 343 کے ایوان میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی پارٹی کو 172 نشستیں درکار تھیں۔ اب تک آنے والے نتائج کے مطابق لبرل کا 168 سیٹیں جیتنے کا امکان ہے، جب کہ کنزرویٹو کا 144 نشتیں جیتنے کا امکان ہے، تیسرے نمبر پر بلاک کیوبیکوا پارٹی کو 23 سیٹیں ملنے کا امکان روشن ہو گیا ہے۔