اسلام آباد: وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ کا کہنا ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ ڈی ایف ڈی آئی فورم ڈیجیٹل سرمایہ کاری کیلیے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ٹیلنٹ اے آئی کے میدان میں دنیا بھر میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے، شزا فاطمہ
شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، آئی ٹی کے شعبے کی برآمدات میں اضافہ معیشت کیلیے خوش آئند ہے، ٹیکنالوجی کا بھرپور اور مؤثر استعمال حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 ماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات میں 25 فیصد اضافہ ہوا، ملک میں متعدد ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے جا رہے ہیں، پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سال آئی ٹی کے شعبے میں 3 لاکھ نوجوانوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں، ملک میں متعدد ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے جا رہے ہیں، آئی ٹی کے شعبے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔