پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں شوہر سے جھگڑے پر بیوی نے خود کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگالی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئی، لاش پوست مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے خاتون کے جسم کا 85 فیصد حصہ جھلس گیا تھا۔
تفتیشی حکام کے مطابق واقعہ تھانہ کوڈ سبزل کے علاقے چک 212 میں پیش آیا، 23 سالہ آمنہ سے دو سال قبل پسند کی شادی کی تھی۔
یہ پڑھیں: شوہر سے جھگڑے پر بیوی نے خود کو گولی مار لی
اس سے قبل شیخوپورہ میں خاتون نے شوہر سے جھگڑے کے بعد خود کو کندھے پر گولی مار کر زخمی کرلیا تھا، خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
پولیس کا بتانا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ تھانہ اے ڈویژن کی حدود میں پیش آیا۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے نیو ٹاؤن میں چلتی گاڑی میں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس پر شوہر نے خود کو سینے میں گولی مار لی تھی۔
پولیس کے مطابق زخمی شوہر کو نجی اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ گاڑی سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا تھا۔