بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے تھانہ صدر کے ایس ایچ او ایک اہلکار سمیت زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایک بار پھر دہشت گردوں نے بنوں میں پولیس کو نشانہ بنایا ہے، ایس ایچ او تھانہ صدر دہشت گردوں کے حملے میں اہلکار سمیت زخمی ہو گئے، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔
مارے گئے دہشت گرد سے اسلحہ اور دستی بم ملا ہے، زخمی ایس ایچ او وسیم سجاد اور اہلکار حیات اللہ کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈی آئی جی سجاد خان اور ڈی پی او سلیم عباس کلاچی نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی، پولیس حکام نے زخمیوں کا حوصلہ بڑھایا۔
بنوں : تھانہ بکاخیل پر دہشت گردوں کی حملے کی کوشش ناکام
یاد رہے کہ پیر کو تھانہ بکاخیل پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا جسے پولیس نے ناکام بنا دیا تھا، پولیس جوانوں کی بھرپور اور بروقت جوابی کارروائی سے دہشت گرد فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق جوانوں نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت تھرمل کیمرے سے دیکھی، جس پر اہلکاروں نے دہشت گردوں کو سنبھلنے کا موقع دیے بغیر فائرنگ کر دی۔
گزشتہ ہفتے بھی بنوں میں پولیس پوسٹ دھڑے پل پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا، تاہم چوکی کے پولیس اہلکاروں کی فوری کارروائی سے حملہ ناکام بنایا گیا تھا، سینٹرل پولیس آفس کے مطابق 19 ،18 دہشت گرد جن میں سے کچھ 8 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور ایک گروپ رینگتے ہوئے پولیس پوسٹ کی طرف بڑھ رہا تھا۔
دہشت گرد آئی ٹی کیمرے کو نشانہ بنا کر مربوط حملہ کرنا چاہتے تھے، دہشت گردوں نے مختلف اطراف سے چوکی پر فائرنگ کی تاہم بھر پور جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔