اوگرا نے لیکوئیڈ پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی ماہ مئی کے لیے قیمت کا تعین کر دیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں ماہ مئی کے لیے 3 روپے 20 پیسے فی کلو کمی کر دی ہے جس کے بعد نئی قیمت 245 روپے 16 پیسے فی کلو ہو گئی ہے۔
اس کمی کے بعد گھریلو سلنڈر 37 روپے 80 پیسے سستا کر دیا گیا ہے اور نئی قیمت 2892 روپے 91 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اپریل میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 2930 روپے 71 پیسے تھی۔
اوگرا نے ایل پی جی کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔نئی قیمت کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
واضح رہے کہ آج حکومت نے اگلے 15 دن کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بھی اعلان کرنا ہے۔
اس وقت پٹرول کی موجودہ قیمت پٹرول 254.63 فی لیٹر، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 258.64 فی لیٹر ہے۔
عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد مہنگائی سے متاثرہ پاکستانیوں کو پٹرول کی قیمت میں ریلیف ملنے توقع ہے۔
عالمی سطح پر، برینٹ کروڈ کی قیمت 64 ڈالر فی بیرل کے لگ بھگ ہوگئی ہے جبکہ امریکی کروڈ آئل کی قیمت 60 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔