پاکستان کے بیٹر بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ ٹیم میں اپنی شمولیت سے متعلق لب کشائی کردی۔
پی ایس ایل 10 میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے پاکستان ٹی 20 ٹیم میں اپنے مستقبل کے بارے میں گفتگو کی، انہیں چیمپئنز ٹرافی 2025 میں مایوس کن کارکردگی پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
اس کے بعد بابر اور رضوان کو نیوزی لینڈ سے سیریز میں ٹی 20 اسکواڈ سے باہر کردیا گیا تاہم دونوں کھلاڑی دورہ نیوزی لینڈ میں ون ڈے اسکواڈ کا حصہ تھے۔
پی سی بی کی جانب سے بنگلادیش کے خلاف پانچ ٹی 20 میچوں کی ہوم سیریز کے شیڈول کے اعلان کے بعد ٹی 20 ٹیم میں ان کی جگہ کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
یہ پڑھی: بابر اعظم کی کپتانی پر عمر اکمل بھی بول پڑے
تاہم بابر اعظم نے قومی ٹی 20 ٹیم میں اپنی شمولیت کے بارے میں فیصلہ سلیکٹرز پر چھوڑ دیا۔
نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بابر نے کہا کہ ‘صرف سلیکٹرز اور کوچز ہی اس کا جواب دے سکتے ہیں کہ وہ میرے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں۔ میرا کام کارکردگی دکھانا ہے چاہے وہ ٹی ٹوئنٹی ہو، ون ڈے ہو یا ٹیسٹ۔ سلیکشن میرے اختیار میں نہیں ہے’۔
انہوں نے کہا کہ جب تک اللہ چاہے گا میں کھیلتا رہوں گا، ہمیں بتایا گیا کہ ہمیں ٹی ٹوئنٹی سے آرام دیا جا رہا ہے، اب دیکھتے ہیں کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔