بلوچستان عوامی پارٹی اور ہندو کمیونٹی کے رہنما دنیش کمار کہتے ہیں بھارت اتنی جرات نہیں کرےگا کہ بڑے پیمانے پر کوئی جنگ کرے۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کو انٹرویو میں دینش کمار نے کہا بھارت جانتا ہے پاکستان ایٹمی طاقت ہے تو وہ کوئی بڑی بیوقوفی نہیں کرےگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بہانہ تلاش کررہا تھا اس کی منصوبہ بندی دو تین سال سے جاری تھی کیوں کہ بھارت کو ہماری ترقی گوارہ نہیں اس لیے انہوں نے لازمی ایڈونچر کرنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے جنگ نہ ہو اس سے دونوں ملکوں کے عوام اور انسانیت کا نقصان ہوگا، پاکستان میں دہشت گردی کے جتنے واقعات ہوئے، بھارت نے کبھی اس کی مذمت نہیں کی۔
دنیش کمار کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس سوچ نے 30 کروڑ ہندو دلت برادری کا جینا حرام کیا ہوا ہے، مودی کی اولاد نہیں اس لئے اسے دوسروں کے بچوں کو مارنے کا دکھ کیسے معلوم ہوگا۔
سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ بھارت میں رشتہ داروں سے بات ہو تو پوچھتے ہیں آپ گھروں میں ہیں، راشن لے لیا، میں نے انہیں بتایا کہ ہم نارمل زندگی گزار رہے ہیں، پاکستان میں ہمیں کوئی خوف نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا نے اتنا جھوٹ بولا کہ عوام کو لگ رہا ہے جیسے پاکستان میں ہر چیز بند ہے، یہاں کھیل بھی چل رہا ہے اور میمز بھی بن رہے ہیں، یہ قوم جنگوں سے نہیں ڈرتی۔