بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف کارروائی کےلیے بھارتی فوج کو گرین سگنل دے دیا۔
مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد مودی حکومت کی جارحانہ سوچ نے خطےکو خطرے میں ڈال دیا، مودی نے امن کی ہر کوشش سبوتاژ کرنےکا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
بھارت کی پہلگام حملےکو جواز بنا کر خطے میں جنگی ماحول پیداکرنے کی سازش کی جارہی ہے، پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کرنے، سفارتی تعلقات محدود کرنے کا بھارتی فیصلہ اس کی نفرت انگیز پالیسیوں کا تسلسل ہے۔
تاہم اب بھارتی ٹی وی ٹائمز ناؤ کے مطابق مودی نے افواج کو کسی بھی وقت،کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانے کا ٹاسک دے دیا ہے۔
بھارتی ٹی وی کا کہنا ہے کہ بھارتی کابینہ کی سیکیورٹی کمیٹی کے مسلسل اجلاس میں پاکستان کیخلاف اسٹریٹجک اقدامات پر مشاورت کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی جانب سے دوبارہ سرجیکل اسٹرائیک یا بالاکوٹ جیسے حملے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، بھارتی فوج، فضائیہ، بحریہ کو تیار کردیا گیا ہے جس سے ایک اور مسلح تصادم کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت دہشتگردی کے جھوٹے بیانیے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر الزام تراشی کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے، بھارتی وزرا کا جنگی بیانیہ، خود ساختہ خطرہ بنا کر عوامی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب بھارت کی جنگی تیاریوں پر پاکستانی حکومت اور افواج پاکستان نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کر لی ہے۔