کراچی کنگز نے پی ایس ایل 10 کے اہم مقابلے میں ملتان سلطانز کو یکطرفہ طور پر شکست دے کر پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ کے 20 ویں میچ میں ملتان سلطانز کو 87 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی، ملتان کی ٹیم 205 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے محض 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
شکست خوردہ ٹیم کے کامران غلام نے سب سے زیادہ 29 رنز اسکور کیے جبکہ یاسر خان 26 رنز بناسکے، کرس جارڈن 14 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔
کراچی کنگز کے آف اسپنر محمد نبی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 14 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا، خوشدل شاہ کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں، عامر جمال، میر حمزہ اور عباس آفریدی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی، جیمز ونس کو ان کی شاندر اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے 20ویں میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 205 رنز کا ہدف دیا۔
View this post on Instagram
پی ایس ایل میں دنوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز اسکور کیے، کراچی کنگز کے کھلاڑی جیمز ونس 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عرفان خان نے بھی 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے 30 اور ٹم سائفرٹ نے 22 رنز اسکور کیے جبکہ آل راونڈر خوشدل شاہ نے 33 رنز بنائے، ملتان سلطان کی جانب سے عبید شاہ نے 2، ڈیوڈ ولی اور کرٹس کیمفر نے ایک ایک وکٹ لی۔
View this post on Instagram
ملتان سلطان کے خلاف آج کے میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئییں، شان مسعود اور حسن علی کو آج آرام دیا گیا جبکہ ان کی جگہ ٹیم میں عرفان نیازی اور عامر جمال کو شامل کیا گیا۔
کراچی کنگز اور ملتان سلطانز پی ایس ایل کے آغاز سے اب تک کرکٹ کے میدان میں 15 بار آمنے سامنے آچکے ہیں۔ ملتان سلطانز نے 15 میچوں میں کل سات فتوحات حاصل کی ہیں جبکہ کراچی کنگز نے چھ فتوحات حاصل کیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 19ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دی تھی۔