جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے پاکستانی اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بھی بلاک کر دیا ہے۔
بھارتی حکومت نے 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے حکومت پاکستان کا ایک اکاؤنٹ بھی اپنے ملک میں بلاک کردیا تھا۔
حکومت پاکستان نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس بھی کیا تھا لیکن اس باوجود بھارتی حکومت کے الزامات جاری ہیں اور انڈین حکومت نے پاکستانی نیوز اور ڈراما ٹی وی چینلز کے یوٹیوب اکاؤنٹس بھی بلاک کر رکھے ہیں۔
بھارتی حکومت نے حملے کے بعد تمام پاکستانیوں کے ویزا منسوخ کرنے کے علاوہ سفارتی عملہ بھی محدود کردیا تھا اور اب انڈین حکومت نے پاکستانی اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کو بھی بلاک کردیا ہے۔
قبل ازیں بھارت نے سابق کپتان راشد لطیف، اسپیڈ اسٹار شعیب اختر اور باسط علی کے یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کردی تھی۔
یاد رہے کہ حملے سے چند روز قبل ارشد ندیم نے بھارت کے نیرج چوپڑا کی جانب سے بھارت میں جیولین ایونٹ میں شرکت کی دعوت کو مسترد کر دیا تھا۔