کراچی : اسپیشل انویسٹگیشن یونٹ نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے کراچی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور بین الصوبائی منشیات فروش نیٹ ورک سے منسلک دو ملزمان کو گرفتارکرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹگیشن یونٹ نے سہراب گوٹھ سپرہائی وے کچا پکا روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات فروش گروہ سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان حاجی محمد اور شعیب الدین عرف یاسر کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے لاکھوں مالیت کی 2 کلو 700 گرام کرسٹال برآمد ہوئی ہے۔
شعیب میمن کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے، جن کے مطابق منشیات نوشکی بلوچستان میں فیض اللہ نامی منشیات ڈیلر سے لے کر کراچی میں مختلف طریقوں سے لوکل گاڑیوں میں کراچی تک پہنچائی جاتی ہے۔
ایس ایس پی ایس آئی یو نے کہا کہ منشیات فروش کراچی کے مختلف لوگوں کو سپلائی دیتے ہیں سپلائی لینے والے افراد بلوچستان میں براہ راست فیض اللہ سے رابطے میں ہوتے ہیں، ملزمان کراچی کے پوش علاقوں میں بھی سپلائی دیتے ہیں۔
شعیب میمن کے مطابق منشیات بائیک رائیڈرز کے ذریعے اسکولز کالجزاور دیگر مقامات پر بھی فروخت کی جاتی ہے گرفتار ملزمان سے سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں، مذید تفتیش کا عمل جاری ہے۔