کراچی : ڈمپر کی چنگچی رکشے میں سوار خاندان کو روندنے کی فوٹیج سامنے آگئی، کے راٹ یونٹ کی رپورٹ میں حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور کو فرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں ڈمپر کی رکشے کو ٹکر کے واقعے پر کے راٹ یونٹ کی رپورٹ تیار کرلی گئی۔
حادثےکی فوٹیج بھی سامنے آگئی، جس میں رانگ سائڈ سے ڈمپر کو آتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ 2 رکشے آرہے تھے، ایک کو ڈمپر نے ٹکر ماردی، حادثے میں10سالہ بچہ جاں بحق، والدین زخمی ہوئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رانگ سائڈ پر ڈمپر چلانے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، ڈمپر نے چوک پر سامنے سے آنیوالے رکشے کو ٹکرماری، جائے حادثہ پر ٹریفک انجینئرنگ بیورو کی خرابی دیکھی گئی۔
کے راٹ یونٹ کا کہنا تھا کہ ٹریفک کنٹرول کرنےکیلئےمناسب انتظامات نہیں تھے اور چوراہے پر درست سمت کی نشاندہی کیلئے کوئی سائن بورڈبھی نہیں تھا۔
ڈمپر میں کوئی ٹریکر اور کیمرہ نہیں تھا جبکہ ڈرائیور تیز رفتاری اور غفلت سے رانگ وے پر چلا رہا تھا، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگادی تھی، فیملی کھارادر سے کھانا کھا کر واپس گھرجارہی تھی۔
یاد رہے ڈمپرڈرائیور کی مبینہ غفلت اور تیزرفتاری سے کراچی میں ایک اور ماں کا لخت جگر جان سے چلا گیا تھا ، سائٹ ایریا گلبائی پل کے قریب ڈمپر نے چنگچی رکشے میں سوار خاندان کو روند دیا تھا۔
حادثے میں جان بحق 10 سالہ سمامہ کچھ روز قبل پانچویں کے امتحان میں امتیازی نمبروں سے کامیاب ہوا تھا اور کامیابی کی خوشی منانے کے لئے اتوارکی شام گھر والے گھر سے باہر کھانا کھانے گئے اور واپسی میں حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔
پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لیکر فرار ڈرائیور کے خلاف سائٹ بی تھانے میں مقدمہ درج کیا تھا۔