انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کی تنزلی ہوگئی۔
پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ 20 سے باہر ہوگئے، 651 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ وہ 21ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
جنوبی افریقا کے خلاف بابر نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوران چار اننگز میں 193 رنز بنائے تھے جس میں تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بابر کی کارکردگی اچھی نہیں رہی اور انہوں نے چار اننگز میں صرف 45 رنز بنائے اور ان کی رینکنگ متاثر ہونے میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد رضوان بیٹنگ رینکنگ میں 671 پوائنٹس کے ساتھ 14 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ سلمان علی آغا اس وقت 32 ویں نمبر پر ہیں۔
دیگر پاکستانی بلے بازوں میں معمولی بہتری دیکھنے میں آئی۔ شان مسعود 542 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی کرکے 46 ویں اور عبداللہ شفیق 520 پوائنٹس کے ساتھ 53 ویں نمبر پر آگئے۔
بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پر انگلینڈ کے جو روٹ بدستور نمبر 1 ٹیسٹ بلے باز ہیں، اس کے بعد ساتھی ہیری بروک دوسرے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔
بولرز رینکنگ میں پاکستان کے ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی دونوں 22ویں اور 23ویں نمبر پر آگئئے ہیں، تاہم نعمان علی چھٹے نمبر پر ہیں جبکہ محمد عباس 29 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ نسیم شاہ نے اپنی 39ویں پوزیشن برقرار رکھی۔
بھارت کے جسپریت بمراہ آئی سی سی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں سرفہرست ہیں، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوسرے نمبر پر ہیں۔
آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں ہندوستان کے رویندرا جدیجا بدستور سرفہرست ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ٹاپ 20 آل راؤنڈرز میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز زمبابوے کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد آل راؤنڈرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
27 سالہ نوجوان نے دو میچوں میں 116 رنز بنائے اور 15 وکٹیں حاصل کیں، جو کیرئیر کے بہترین 327 ریٹنگ پوائنٹس تک پہنچ گئے۔