جمعرات, مئی 8, 2025
اشتہار

معصوم شہریوں کے خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

اشتہار

حیرت انگیز

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں کے خون کے آخری قطرے تک کا مکمل حساب لیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو کبھی بھی کمزوری نہ سمجھا جائے، اپنے عوام اور زمین کے تحفظ پر افواج پاکستان کبھی سمجھوتا نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد اور افواج کے ساتھ ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 6 اور 7 کی شب بچوں کو نشانہ بنانا دہشت گردی ہے، ہم اس دہشت گردی کا بھرپور جواب دیں گے۔ کس طرح پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنا کر قرآن پاک کو شہید کیا گیا جبکہ 31 معصوم شہری شہید جبکہ 71 زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ الحمد اللہ جھڑپوں یا دراندازی میں پاک فوج کے کسی بھی اہلکار یا فضائیہ کے کسی بھی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ مرید کے اور دیگر علاقوں میں عالمی و آزاد میڈیا کو دکھایا گیا اور انہوں نے یہ سب دیکھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب بھارت نے حملہ کیا تو 67 مسافر طیارے فضا میں تھے اور ان میں سیکڑوں مسافر سوار تھے، یہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کی ایئرلائنز تھیں، ان تمام مسافروں کو بھارت نے اپنے جنون کی بھینٹ چڑھایا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت مسلسل دراندازی کررہا ہے جس پر پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا جارہا ہے اور اب تک بھارت نے مختلف سیکٹرز پر سفید پرچم بھی لہرایا ہے۔

بھارتی حملے کے جواب میں پاکستان نے صرف ملٹری ٹارگٹس کا انتخاب کیا۔۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی تباہ ہونے والی چیک پوسٹوں کی ویڈیو بھی دکھائی۔۔

پاک بھارت کشیدگی  سے متعلق تمام خبریں

واضح رہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے 7 سالہ ارتضیٰ عباس طوری کی نماز جنازہ آج اسلام آباد میں ادا کی گئی تھی۔

نماز جنازہ میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت شہید کے اہل خانہ اور دیگر افراد نے بھی شرکت کی تھی۔

نماز جنازہ کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بے گناہ شہریوں، بچوں، خواتین اور بزرگوں کو نشانہ بنانا بھارت کی بزدلی کا واضح ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل بھارتی حکومت کے جارحانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے جو خطے اور عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ہر محاذ پر دشمن کو ڈٹ کر جواب دے رہی ہیں، بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین و انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کرنے پر فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں