جمعرات, مئی 8, 2025
اشتہار

عہد کرتے ہیں شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب ضرور لیا جائیگا، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عہدکرتےہیں شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب ضرور لیا جائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کی شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ گزشتہ رات بھارت نے جارحیت کر کے فاش غلطی کی اور ہندوستان کو اس غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا۔ اگر بھارت سمجھ رہا ہے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے تو یہ اس کی بھول ہے۔ عہد کرتے ہیں کہ شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرےکا حساب ضرور لیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ایک بہادر قوم ہیں اور اپنے وطن کی عزت اور حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ گزشتہ رات ہمارا جواب دندان شکن تھا اور دنیا نے دیکھ لیا کہ بھارت کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے۔ اس کو جن طیاروں پر غرور تھا وہ خاک میں مل چکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر ایک گھنٹے تک جاری جنگ میں ہمارے پائلٹس نے بہادری کی مثال قائم کی اور روایتی ہتھیاروں کی جنگ میں ایک بار پھر دشمن پر اپنی برتری ثابت کر دی۔ جس پر میں تمام فوجی قیادت اور ایک ایک افسر اور سپاہی کو سلام پیش کرتا ہوں۔

شہباز شیرف نے کہا کہ جب امن پسند پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، تو اس کے بعد اس واقعہ کی آر میں پاکستان پر حملہ بے بنیاد اور بلاجواز تھا۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکلنا چاہیے کیونکہ کشمیریوں کو حق رائے دہی دیے بغیر بھارت کے یکطرفہ فیصلے حقیقت نہیں بدل سکتے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں پاکستان سب سے زیادہ دہشتگردی سے متاثرہ ملک ہے اور یہ بھات کی خام خیالی ہے کہ وہ اس مہم جوئی سے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ سے ہماری توجہ ہٹا دے گا۔ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج اور قوم یک جان اور دو قلب ہیں۔ 24 کروڑ عوام نتائج سےبےخبر ہو کر فوج کے ساتھ مل کر دشمن کا مقابلہ کریں گے۔ قوم سچائی کیلیے لڑ رہی ہے اور اس میں اللہ ہماری نصرت کرےگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں