امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے میں مدد کی پیشکش کر دی۔
اوول ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈٹرمپ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان اب ایک دوسرے پر حملے بند کریں اور دونوں ممالک میں بڑھتے ہوئے اختلافات کو دور کرنے میں مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ابھی حملے بند ہونے چاہئیں جس کے لیے میری ضرورت ہے تو کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہوں۔
گزشتہ روز بھارتی حملے پر اپنے ابتدائی بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی شرم کی بات ہے، ہم نے ابھی پاکستان کے خلاف بھارت کے حملوں کے بارے میں سنا ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، میں پاکستان اور بھارت کی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہوں۔
مارکو روبیو کا اپنے ردعمل میں کہنا تھا کہ پُرامن حل کیلئے پاکستان اور بھارت کی قیادت سے بات چیت کررہے ہیں، صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی جلد ختم ہو۔