امرتسر : بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں انتظامیہ نے بلیک آؤٹ کردیا، شہریوں کو گھروں میں رہنے اور گھروں کے باہر کی لائٹیں بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا میں نشر کی جانے والی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی پنجاب کے اہم شہر امرتسر میں گزشتہ شب اچانک مکمل بلیک آؤٹ کردیا گیا۔
شہر کی تمام گلیوں، سڑکوں اوراہم تنصیبات کی روشنیاں بند کردی گئیں امرتسر انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدبیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔
امرتسر کی مقامی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو سختی سے پابند کیا گیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں اورکسی عوامی مقام پر جمع ہونے سے گریز کریں، پولیس اور سیکیورٹی ادارے شہرمیں گشت کررہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق بلیک آؤٹ کی کوئی مخصوص وجہ فی الحال ظاہر نہیں کی گئی، تاہم مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ قدم سرحدی کشیدگی اورممکنہ خطرات کے باعث اٹھایا گیا ہے۔
وزیراعظم کے خطاب میں بھارت سے پورا بدلہ لینے کا عزم
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں شہری آبادی پر کیے جانے والے بزدلانہ میزائل حملوں کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ دشمن سے شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب ضرور لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات بھارت نے جارحیت کرکے فاش غلطی کی ہے اور ہندوستان کو اس غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا۔ اگر بھارت سمجھ رہا ہے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے تو یہ اس کی بھول ہے۔