اسلام آباد : پاک بھارت کشیدگی کے بعد جنگی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کے لیے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے بعد جنگی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت واربک کےحوالے سے اعلی سطح اجلاس ہوا۔
اجلاس میں تمام سرکاری و نجی اسپتالوں ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور فائر بریگیڈ حکام شریک ہوئے جبکہ اسلام آباد پولیس، اسپیشل برانچ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ سوئی گیس،پی ٹی سی ایل اورتمام متعلقہ اداروں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں واربک کے مطابق تمام اداروں کو تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کے لیےلائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظرتمام سرکاری و نجی اسپتالوں میں ہائی الرٹ ہے، صورتحال مانیٹرکرنےکیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔
عرفان میمن کا کہنا تھا کہ شہری ہنگامی صورتحال میں کنٹرول سینٹر کے 3 رابطہ نمبرز پر کسی بھی وقت رابطہ کرسکتے ہیں۔