جمعرات, مئی 8, 2025
اشتہار

مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن ایک خواب ہوگا: بلاول بھٹو

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن خواب ہی رہے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عرب نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان پر بغیر کسی ثبوت کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے، جب تک مسئلہ کشمیر کا حل نہیں نکلتا جنوبی ایشیا میں امن صرف خواب ہی رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی اور کسی بھی خودمختار ملک کو ایسے حملے کا جواب دینا پڑتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے پہلگام واقعے پر بھارت کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اصول ہے کہ جب تک جرم ثابت نہ ہو، کوئی مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا۔ بھارت نے بغیر ثبوت فوجی حملے کیے جن میں معصوم شہری اور بچے نشانہ بنے۔

اس سے قبل الجزیرہ سے انٹرویو میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ٓبھارت پاکستان میں عام شہریوں اور معصوم بچوں کونشانہ بنا رہا ہے، یہاں بھارت ہی جج، جیوری اور جلاد بنا ہوا ہے۔

پاک بھارت کشیدگی  سے متعلق تمام خبریں

انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو ہفتوں سے بھارتی جارحیت برداشت کررہا ہے، بھارت نے پاکستان پر بغیر ثبوت کے ایک کے بعد ایک جھوٹے الزامات لگائے، دنیا کو معلوم ہے آپ تب تک معصوم ہیں جب تک آپ گناہ گارثابت نہیں ہوتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے الزام دیں لیکن ثبوت کے ساتھ اور کم از کم ٹرائل تو کریں۔ بھارت نے پاکستان کی خود مختاری پر سوال اٹھایا ہے، زمین پر کوئی بھی آزاد اور خود مختار ریاست جنگی حالات میں جوابی کارروائی ہی کرے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں