اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان کی جانب سے اس کے بزدلانہ حملے کا جواب آئے گا اور ضرور آئے گا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں عطا تارڑ نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو مکمل اختیار دے دیا ہے جو بھارت کو بھرپور اور مؤثر جواب دے گی، کب کہاں اور کس وقت جواب دینا ہے یہ فیصلہ ہم کریں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا لیکن ایسا نہیں چلے گا بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، جب اور جیسے بھی رسپانس دیا گیا لیکن بھرپور طریقے سے دیا جائے گا، ہمارا بزدل دشمن اپنی خفت مٹانے کیلیے پاکستان میں ڈرونز بھیج رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہم نے بھارت کے 40 سے 50 فوجی ہلاک کر دیے، عطا تارڑ
انہوں نے کہا کہ بھارت 5 طیارے گرنے کے بعد ڈر گیا، ہم نے بھارت کے 25 ڈرونز بھی گرائے ہیں، بھارتی میڈیا دنیا کو رافیل جیٹ کا ملبہ دکھا رہا ہے، یہ رافیل کا ملبہ چھپانا چاہتے تھے لیکن وہ کیسے چھپ سکتا ہے؟ بھارتی میڈیا نے پوری دنیا کو دکھایا پاکستان نے ہمارے جہاز گرائے ہیں۔