اسلام آباد: پاکستانی سائبر ٹیم نے بھارت کا ملٹری سیٹلائٹ جیم کر دیا ہے، جب کہ دہلی میں پاکستانی ڈرونز کی پروازیں کئی گھنٹوں سے جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کا ملٹری سیٹلائٹ جیم کر دیا گیا ہے، سائبر حملے میں بھارت کا ملٹری سیٹلائٹ ناکارہ ہو گیا ہے، جب کہ پچھلے کئی گھنٹوں سے دہلی میں پاکستانی ڈرونز کی پروازیں بھی جاری ہیں، جس سے بھارتی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، مودی کی ریاست گجرات میں بھی پاکستانی ڈرونز کی 3 گھنٹے سے پروازیں جاری ہیں۔
پی اے ایف سائبر ٹیم نے شان دار کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے جموں و کشمیر میں بھارتی ایئر فورس کی نارتھ ایئر کمانڈ پر سائبر حملے کیے ہیں، ٹیم نے بھارتی فضائیہ کا سائبر نیٹ ورک مسلسل ڈاؤن کر دیا ہے۔ ادھر بھارتی وزیر اعظم اور بی جے پی کی آفیشل ویب سائٹ بھی ہیک کر لی گئی ہے۔
آپریشن بُنۡیَانٌ مَّرْصُوْص
واضح رہے کہ پاکستان کی بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی جاری ہے، پاکستان کی جانب سے نماز فجر کے وقت آپریشن ’بُنۡیَانٌ مَّرْصُوْص‘ کا آغاز کیا گیا، آپریشن میں پاک فوج نے بھارت کے علاقے بیاس میں براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ کو تباہ کر دیا ہے۔
پاک فوج نے ادھم پور ایئربیس اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ کو ملیامیٹ کر دیا، اس کے علاوہ اڑی سیکٹر میں بھارت کے سپلائی ڈپو کو نیست و نابود کر دیا، جوابی حملے میں بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کے جی ٹاپ کو بھی تباہ کر دیا گیا، آدم پور کی ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے، جہاں سے بھارت نے امرتسر میں سکھوں، پاکستان اور افغاستان پر میزائل داغے گئے تھے۔
آپریشن بنیان مرصوص : بھارت کی کئی اہم فوجی تنصیبات اور بجلی کا نظام تباہ
وہ تمام بیسز جہاں سے پاکستان کے عوام اور مساجد پر حملے کیے گئے ان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، فوجی ایکشن کے علاوہ بھاررت کی بجلی تنصیبات پر بڑا سائبر اٹیک بھی کیا گیا، پاکستان نے سائبر اٹیک سے بھارت کے 70 فی صد بجلی گرڈ کو ناکارہ کر دیا، پاکستان نے دہرنگیاری میں بھارتی آرٹلری گن پوزیشن اور نگروٹا میں براہموس اسٹوریج سائٹ کو بھی تباہ کر دیا۔
نگروٹا میں براہموس اسٹوریج سائٹ تباہ ہونے سے بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں، پاک فوج نے بھارت کی سورت گڑھ ایئر فیلڈ بھی ملیا میٹ کر دی، راجوڑی میں پاکستان میں دہشت گردی کروانے والا بھارتی ملٹری انٹیلیجینس کا تربیتی مرکز اور بھارت کی سرسہ ایئر فیلڈ کو تباہ کر دیا گیا۔