نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے آپریشن سندور کی ناکامی کا ملبہ ڈونلڈ ٹرمپ پر ڈال دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سے بدترین شکست پر بوکھلائے بھارتی میڈیا نے ایک اور قلا بازی کھائی ہے، پڑوسی ممالک کے درمیان جنگ بندی کرانے پر وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیچھے پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کے ایک تجزیہ کار نے یہاں تک کہہ دیا کہ صدر ٹرمپ اسٹیٹ مین سے زیادہ ڈیل بروکر لگتے ہیں، آپریشن سندور کی ناکامی کا ملبہ بھی صدر ٹرمپ پر ڈالتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے مودی حکومت کو شرمندہ کر دیا ہے۔
گودی میڈیا اب نریندر مودی کو تجویز دے رہا ہے کہ یہ سوچا جائے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو کیسے ہینڈل کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ٹائمز آف انڈیا نے گزشتہ روز خبر دی تھی کہ بھارتی حکومت نے باضابطہ طور پر کہہ دیا ہے کہ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ بندی کے سلسلے میں بروکر کا کردار ادا نہیں کیا۔
شکست خوردہ بھارت کی بوکھلاہٹ ، ترک اور چینی خبر رساں اداروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کردیے
خیال رہے کہ پاکستان سے شکست کے بعد بھارت سچ چھپانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا، بھارتی حکومت نے چین کی سرکاری نیوز ایجنسی اور اخبار گلوبل ٹائمز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیے۔
بھارتی حکومت نے ترک نشریاتی ادارے کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھارت میں بند کر دیا، جب کہ بھارتی عوام بھی ترک مصنوعات کا بائیکاٹ کر رہے ہیں، بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ انڈین عوام ترکیے کو سیاحتی مقام کے طور پر بھی نظر انداز کر رہے ہیں۔