ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

صدرِ مملکت کی معرکہ حق میں شہید اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر آمد، لواحقین سے اظہارِ تعزیت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : صدر مملکت آصف زرداری نے معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر جاکر ان کے والد اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے خلاف معرکہ حق میں تاریخی فتح پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آج ملک بھر میں یو م تشکر منایا جارہا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری بھارت کے خلاف معرکہ حق میں شہید ہونے والے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر پہنچے، جہاں انھوں نے شہید اسکواڈرن لیڈر کے والد اور دیگر خاندان کے افراد کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔

صدر مملکت نے شہید کی وطن کیلئے خدمات، دفاع وطن میں جان نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے،پوری قوم، اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے،ہم اپنے شہداء اور انکے خاندانوں کی قربانیوں کے ہمیشہ معترف رہیں گے۔

صدر مملکت نے شہید کیلئے فاتحہ خوانی اور بلندی درجات کی دعا کی اور شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔

دوسری جانب یوم تشکر کے سلسلے میں ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جارہے ہیں اور دعائیہ تقاریب منعقد کی جارہی ہیں جب کہ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

اہم ترین

جہانگیر خان
جہانگیر خان
جہانگیر خان اے آر وائی نیوز اسلام آباد کے نمائندے ہیں۔ وہ پارلیمانی امور، صحت، کشمیر، جی بی اور پیپلز پارٹی سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں۔

مزید خبریں