کراچی : مختلف علاقوں سے ایف آئی اے نے چودہ بھارتی شہریوں کو گرفتار کرلیا،کراچی میں غیر ملکیوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔
کراچی میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کےساتھ ہی اب غیرملکیوں کی بھی شامت آگئی ۔ ایف آئی اے حرکت میں آگئی ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں لیاقت آباد، کریم آباد اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے چودہ بھارتی باشندوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔
ان میں چار سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار بھارتی باشندوں نے رشوت دے کر پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوائے تھے اور بھارتی کاغذات جلادیئے تھے۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کراچی آپریشن کا حصہ ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ رشوت لے کر شنا ختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے میں ملوث نادرا ملازمین کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔