سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ بدھ 23 ذو القعدہ تک بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد 7 لاکھ 17 ہزار 044 سے زائد ہوچکی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’اب تک جاری کئے جانے والے حج ویزوں میں سے 49 فیصد افراد مملکت پہنچ چکے ہیں‘۔
وزارت کے مطابق ’عازمین حج تین اہم راستوں کے ذریعے مملکت میں داخل ہوئے۔ سب سے زیادہ عازمین ہوائی راستے سے آئے ہیں جن کی تعداد 6 لاکھ 91 ہزار 429 ہے‘۔
سمندری راستوں کے ذریعے آنے والے عازمین کی تعداد 2821 رہی‘ جبکہ ’زمینی راستوں سے تقریباً 22 ہزار 794 عازمین آئے۔
وزارت کا کہنا تھا کہ ’یہ سب ایک مربوط نظام کے تحت انجام دیا گیاہے جس کی نگرانی حکومتی، سیکیورٹی اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ماہرین کر رہے ہیں‘۔
دوسری جانب سعودی عرب میں سعودی ٹیلی کمیونیکیشن اور وزارت داخلہ نے دیگر مملکت سے آنے والے عازمین حج کے لیے ان ہی کے ممالک میں ’ای سم‘ کی سہولت فراہم کردی ہے۔
الاتصالات اتھارٹی کے لائسنس یافتہ ٹیلی کمیونیکشن سروس پروائیڈرز کو اجازت دی ہے کہ وہ بیرون مملکت سے ارزاں فیس پر بیرون مملکت سے ’ای سم‘ کے حصول کو آسان بنائیں۔
رپورٹس کے مطابق عازمین حج کے لیے ’ای سم‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت مختلف ممالک سے آنے والے عازمین اپنے ملک میں رہتے ہوئے لائسنس یافتہ ٹیلی کام کمپنیوں کے پورٹل کے ذریعے ای سم حاصل کرسکتے ہیں۔
عازمین حج جو اپنے ملکوں میں رہتے ہوئے ہی ای سم حاصل کرتے ہیں ان کا ڈیٹا ’ابشر‘ پلیٹ فارم کے ذریعے از خود لنک ہو جائے گا۔
حج قوانین کی خلاف ورزی پر 20 افراد گرفتار، سخت سزا سنادی گئی
رپورٹس کے مطابق عازمین کو یہ سہولت ہوگی کہ جیسے ہی وہ مملکت کی حدود میں داخل ہوں ان کی سم ایکٹیو ہو جائے گی جس کے لیے انہیں کہیں جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔