چوری کے جھوٹے الزام اور سرعام ذلت سے دلبرداشتہ 13 سالہ بچے نے مایوسی میں زندگی کا خاتمہ کر لیا خودکشی سے پہلے ماں کے نام درد بھرا خط چھوڑا۔
یہ افسوسناک واقعہ بھارت میں پیش آیا جہاں مدنا پور ضلع میں ایک شہری نے ساتویں جماعت کے طالبعلم 12 سالہ بچے پر چپس کی چوری کا جھوٹا الزام لگایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ شخص نے نہ صرف بچے پر چوری کا جھوٹا الزام لگایا بلکہ اس کی سرعام تذلیل کرنے کے ساتھ پٹائی بھی کی۔
بچہ یہ ذلت برداشت نہ کر سکا اور گھر آ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ مرنے سے پہلے اس نے اپنی ماں کے نام درد بھرا جذباتی خط بھی چھوڑا جس میں لکھا تھا کہ ’’ماں میں نے چپس نہیں چرائی تھی، اس کو سڑک سے اٹھایا تھا۔‘‘
بچے کے اہلخانہ کے مطابق ان کا بیٹا چپس خریدنے بازار گیا تھا، دکان پر چپس تھی اور نہ ہی دکاندار موجود تھا۔ بچہ واپس آ رہا تھا تو اس کو سڑک کے کنارے چپس کا پیکٹ ملا۔ اس نے پیکٹ اٹھایا تو اسی وقت ایک شہری رضاکار نے آکر اس کو پکڑ لیا اور سرعام پٹائی کر دی۔
رپورٹ کے مطابق بچے نے مبینہ طور پر اس کو چپس کے پیسے دینے کی کوشش کی تھی، لیکن رضاکار نے پھر بھی اس پر تشدد کیا۔ اطلاع ملتے ہی بچے کی ماں وہاں پہنچ گئی اور بیٹے کو ساتھ گھر لے گئی تھی۔ گھر پہنچ کر وہ اپنے کمرے میں چلا گیا اور کچھ دیر بعد گھر والوں نے اس کو بے ہوش پایا۔
اہلخانہ کے مطابق اس نے کیڑے مار دوا پی لی تھی۔ بچے کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تاہم اہلخانہ کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔