تہران: وزیراعظم شہباز شریف دو رفوزہ دورے پر ایران پہنچ گئےجہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مہرآباد ایئرپورٹ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
ایران میں پاکستانی سفیر رضا امیری مقدم، پاکستان میں ایرانی سفیر مدثر ٹیپو بھی موجود تھے، ایران میں اعلیٰ سفارتی اہلکاروں نے بھی شہباز شریف اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا، تہران کے ہوائی اڈے پر انہیں ایرانی فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔
وزیراعظم کے ساتھ وفد میں نائب وزیراعطم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف ایرانی صدر مسعود پزشکیان سےملاقات کے لیے سعد آباد پیلس تہران پہنچیں گے۔ جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور وفد کی ایرانی صدر اور ان کے وفد کے ساتھ ملاقات ہوگی، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات ہوگی۔
بھارت کی مسلط کردہ حالیہ جنگ میں پاکستان کی حمایت، امن کیلئےکوششوں پر وزیراعظم ایرانی صدر کا شکریہ ادا کریں گے۔
وزیراعظم اور پاکستانی وفد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دو طرفہ امور، اہم علاقائی امور پر گفتگو ہوگی۔
وزیراعظم و پاکستانی وفد ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی جانب سے دیے جانے والے عشائیے میں بھی شرکت کرے گا۔