بھارتی منتظمین کی شرمناک حرکت اور نامناسب تقاضے کے بعد مس انگلینڈ ملا میگی ’عالمی مقابلہ حسن‘ بیچ میں چھوڑکر وطن لوٹ گئیں۔
برطانوی ذرائع ابلاغ پر آنے والی خبروں کے مطابق مس انگلینڈ 2024 ملا میگی نے بھارتی شہر حیدرآباد میں ہونے والے مقابلہ حسن سے اچانک علیحدگی اختیار کرلی، انھوں نے بھارتی منتظمین پر الزام لگایا کہ انھوں نے مس انگلینڈ کو ’پرفارمنگ منکی‘ کی طرح پیش کیا۔
برطانوی اخبار دی سن کے مطابق میلا میگی نے بتایا کہ تقریب کے دوران انھیں ایسا محسوس کروایا گیا جیسے وہ ’جسم فروش‘ ہوں، مجھے لگا جیسے ہمیں لوگوں کی خوشنودی کے لیے استعمال کیا جارہا ہو، میں یہاں کسی کی تفریح کا ذریعہ بننے نہیں آئی۔
میگی نے بتایا کہ بھارتی شہر حیدرآباد میں 7 مئی کو ایک تشہیری تقریب میں انھیں بولا گیا کہ وہ شو کے فنانسر کاروباری افراد کے ساتھ بیٹھیں اور انہیں خوش رکھیں۔
انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلہ اپنے ہی دعوؤں سے انحراف کررہا ہے، بھارت میں انھوں نے مجھے ایسا محسوس کروایا کہ جیسے میں جسم فروش ہوں۔
مِلا میگی 16 مئی کو مقابلہ چھوڑ کر برطانیہ واپس چلی گئیں اور اب ان کی جگہ رنر اپ مس انگلینڈ اور موجودہ مس لیورپول شارلٹ گرانٹ مقابلے میں حصہ لیں گی، مس انگلینڈ کی ڈائریکٹر اینجی بیسلے نے ان کی واپسی کو ’ذاتی وجہ‘ قرار دیا تھا۔
مس ورلڈ مقابلوں کی سی ای او جولیا مورلی نے ملا میگی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملا میگی نے اپنی والدہ کی خراب صحت کے باعث مقابلے سے دستبردار ہونے کی درخواست کی تھی، بھارتی حیدرآباد میں مس ورلڈ 2025 مقابلے کا گرینڈ فائنل 31 مئی کو ہوگا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ عالمی مقابلہ حسن 74 سال سے جاری ہے مگر مس ورلڈ ایونٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی مس انگلینڈ نے مقابلے کے دوران علیحدگی اختیار کی اور واپس لوٹ گئی۔