پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ببرک شاہ نے نامور اداکارہ وینا ملک سے شادی نہ ہو پانے کی اصل وجہ سے پردہ اٹھا دیا۔
ببرک شاہ کو حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں دیکھا گیا جہاں انہوں نے وینا ملک سے شادی نہ ہونے کی اصل وجہ اور مشترکہ جائیدار کے بارے میں بتایا۔
شو میں پوچھا گیا کہ آپ کی وینا ملک کے ساتھ جو دوستی اور محبت کی کہانی شروع ہوئی تھی وہ شادی تک کیوں نہ پہنچ سکی؟
یہ بھی پڑھیں: شادی میری زندگی کا افسوسناک فیصلہ تھا: وینا ملک
اس کا جواب دیتے ہوئے ببرک شاہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے انہیں کوئی اور شخص پسند آگیا ہو، میرے تو یہی خیال ہے، پھر مجھے بھی کوئی اور پسند آگئی تو میں نے انہیں الوداع کہہ دیا۔
ببرک شاہ سے پوچھا گیا کہ کہا جاتا ہے وینا ملک نے آپ کو جائیدار تحفے میں دی ہے، کیا یہ سچ ہے؟
اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے ببرک شاہ نے بتایا کہ ہم دونوں نے مل کر ایک زمین خریدی تھی، ہمارا ارادہ تھا کہ شادی کے بعد یہاں مل کر رہیں گے لیکن بعد میں ہم دونوں میں علیحدگی ہوگئی اور یہ خواب پورا نہیں ہو سکا۔
معروف اداکار نے بتایا کہ ہم دونوں جے پاس جتنی جمع پونجی تھی اس سے زمین خریدی، جب ہم میں علیحدگی ہوئی تو میں نے اکیلے اس پر گھر کی تعمیر شروع کی، لیکن یہ زمین آج بھی ہم دونوں کی مشترکہ ہے اور وینا ملک کے نام ہر ہے۔
’شادی زندگی کا افسوسناک فیصلہ تھا‘
گزشتہ ماہ وینا ملک نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران حیران کن انکشاف کیا تھا کہ شادی میری زندگی کا افسوس ناک فیصلہ تھا۔
پوڈکاسٹ میں نامور اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی شادی طے شدہ تھی اور یہ رشتہ ان کے والدین کے ذریعے طے پایا تھا، 2013 میں میری زندگی ایک ایسے موڑ پر تھی جہاں شہرت، دولت اور ہر چیز میرے بس سے باہر ہو چکی تھی، میں سب کچھ چھوڑ کر غائب ہو جانا چاہتی تھی۔
’یہ شادی میرے لیے ایک قسم کی راہ فرار تھی، لیکن بعد میں یہ میری زندگی کی سب سے بڑی پشیمانی بن گئی، میں نے دولت اور شہرت کی خواہش کی تھی، لیکن یہ سب اتنا زیادہ مل گیا کہ میں اس بوجھ کو سنبھال نہیں سکی، اس وقت میں ذہنی طور پر انتہائی دباؤ میں تھی اور اسی دباؤ میں میں نے شادی کا فیصلہ کیا اور یہ میری زندگی کا سب سے مشکل وقت تھا۔‘
وینا ملک نے انکشاف کیا اور بتایا کہ IVF کے ذریعے میں 2 بچوں کی ماں بنی، جو میری زندگی کا سب سے خوبصورت پہلو تھا لیکن شادی میری سب سے بڑی غلطی تھی، یہ ایک ناسمجھی بھرا فیصلہ تھا، جس پر آج بھی مجھے افسوس ہے۔
وینا ملک نے اپنی مالی خود مختاری پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 14 سال کی عمر کے بعد کبھی والدین سے پیسے نہیں لیے، نہ میں کسی سے تحفے لیتی ہوں، نہ دیتی ہوں، میں آج بھی مالی طور پر مکمل طور پر خود کفیل ہوں۔