بدھ, مئی 28, 2025
اشتہار

ہندو انتہا پسند جماعت نے آپریشن سندور ’ناکام‘ قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے پاکستان کے خلاف آپریشن سندور کو مودی سرکار کی ناکامی قرار دے دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق سنجے راوت نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آپریشن سندور ایک ناکام آپریشن تھا لیکن قوم کے مفاد میں اپوزیشن اس کے بارے میں بات نہیں کر رہی۔

سنجے راوت نے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کی ضرورت کیا تھی؟ پہلگام میں 26 خواتین کو بیوہ کیا گیا جس کے ذمہ دار وزیر داخلہ امیت شاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا چاہیے یا پھر وزیر اعظم نریندر مودی خود انہیں برطرف کرے۔

ہندو انتہا پسند جماعت کے رہنما نے سوال کیا کہ کیا پہلگام کے دہشتگرد گجرات کے داہود میں چھپے ہوئے ہیں جو مودی اور امیت شاہ کی آبائی ریاست ہے؟

’امیت شاہ پہلگام واقعے کے ذمہ دار ہیں۔ دہشتگرد کہاں ہیں؟ کیا وہ گجرات یا داہود میں چھپے ہوئے ہیں؟ کل نریندر مودی داہود میں تھے۔‘

اس سے قبل سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا کے آپریشن سندورکی ناکامی پر ہوشربا انکشافات منظر عام پر آئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مودی حکومت گودی میڈیا کے ذریعے ناکامی چھپانے کیلیے گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہی ہے۔

یشونت سنہا کا کہنا تھا کہ مودی حکومت طیاروں کی تباہی کی اصل تعداد چھپا کر قوم کو گمراہ کر رہی ہے، مودی حکومت آپریشن سندور کو بہار الیکشن اور سیاسی فائدے کیلئے استعمال کرے گی۔

سابق بھارتی وزیر نے کہا تھا کہ مودی، امیت شاہ، جے شنکر اور اجیت دوول کو سفارتکاری اور انٹیلی جنس کی ناکامی پراستعفیٰ دینا چاہیے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں