پاکستان کے معمر ترین 73 سالہ ویلڈر نسیم الدین نے پنچ کی مدد سے 163 اخروٹ توڑ کر دنیا کو حیرت میں مبتلا کر دیا اور دوسرا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نسیم الدین کو ایک منٹ میں 150 اخروٹ توڑنے تھے جبکہ نسیم الدین نے ٹیبل پر موجود تمام اخروٹ صرف 50 سیکنڈ میں ہی توڑ ڈالے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے ان کا یہ ریکارڈ منظور کر کے ریکارڈ بُک میں درج کر لیا گیا ہے اور اس کی آفیشل ای میل بھی جاری کر دی گئی ہے۔
نسیم الدین پیشے کے لحاظ سے ویلڈر ہیں۔ وہ لوہے کے دروازے اور کھڑکیاں بنانے میں مہارت رکھتے ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی ایک ریکارڈ پاکستان کے نام کر چکے ہیں اور اس میں انہوں نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ 73 سالہ نسیم الدین عالمی ریکارڈ ہولڈر خاندان کے سربراہ ہیں۔
ان کا بیٹا راشد نسیم اب تک 125 عالمی ریکارڈ پاکستان کےنام کر چکے جبکہ ان کی بہو اور راشد نسیم کی اہلیہ بھی گنیز ورلڈ ریکارڈ بُک میں اپنا نام درج کرا چکی ہیں۔
نسیم الدین کے پوتے محمد ابراہیم نے 6 سال کی عمر میں ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا، جب کہ ان کی پوتی بھی اب تک 4 عالمی ریکارڈ اپنے نام کر چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیٹے کو دیکھ کر ورلڈ ریکارڈ بنانے کا شوق ہوا، پھر پوتے اور پوتی نے ریکارڈ بنایا تو جذبہ اور بھی جوان ہوگیا۔ بھرپور محنت کی اور اپنا ریکارڈ پاک فوج کے نام کرتا ہوں جنہوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔
نسیم کا مزید کہنا تھا کہ میرا جذبہ اس عمر میں بھی جوان ہے اور ملک و قوم کو جب بھی ضرورت پڑی تو میں حاضر ہوں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں۔
2024: گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں پاکستانی راشد نسیم کا راج رہا