نیویارک : اقوام متحدہ سلامتی کونسل اجلاس میں فلسطینی مندوب بچوں کی شہادت کا حال بتاتے ہوئے رو دیے اور کہا یہ ناقابل برداشت ہے کوئی کیسے یہ برداشت کر سکتا ہے؟
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ سلامتی کونسل اجلاس میں فلسطینی مندوب اسرائیل کے وحشیانہ حملوں اور امداد کی بندش سے غزہ کے ہزاروں بچوں کی شہادت اور ان کی ماؤں کی گری و زاری کا حال بتاتے ہوئے شدت غم سے رو پڑے۔
فلسطین کے مستقل مندوب ریاض منصور نے شدید جذبات کے عالم میں غزہ کے خاندانوں کی المناک حقیقت بیان کی اور کہا بچوں کا قتل عام ناقابل بیان ہے، فلسطینی غزہ میں دنیا کے سامنے اپنے بچے کھو رہے ہیں۔
ریاض منصور نے کہا کہ درجنوں بچے بھوک سے مر رہے ہیں، مائیں ان کے بے جان جسموں کو گود میں اٹھاتی ہیں، ان کے بال سہلاتی ہیں، ان سے بات کرتی ہیں، ان سے معذرت کرتی ہیں ،بھلا کوئی انسان یہ دکھ کیسے برداشت سکتا ہے؟
مزید پڑھیں : غزہ میں صحافی کے گھر پر اسرائیلی بمباری سے 8 افراد شہید
انھوں نے بتایا کہ میرے بھی نواسے، پوتے ہیں، میں جانتا ہوں کہ وہ اپنے خاندانوں کے لیے کیا معنی رکھتے ہیں۔
فلسطینی مندوب کا مزید کہنا تھا کہ آگ اور بھوک فلسطینی بچوں کو نگل رہی ہے، دنیا کا خاموشی کے ساتھ فلسطینیوں کو یوں تڑپتا دیکھنا یہ کسی مہذب انسان کے لیے ناقابل برداشت ہے۔