پاکستان نے بنگلادیش کو دوسرے ٹی 20 میچ میں 57 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 19 اوورز میں 144 رنز بناسکی، سیریز کا آخری میچ یکم جون کو کھیلا جائے گا۔
تنظیم حسن ثاقب کی 50 رنز کی اننگز رائیگاں گئی، تنزید حسن 33 اور مہدی حسن مراز 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کپتان لٹن داس 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، توحید ہردوئے 5 رنز بناسکے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حسن علی، فہیم اشرف اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے اور بنگلادیش کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔
صاحبزادہ فرحان نے 41 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد حارث 40 رنز بنا کر نمایاں رہے، حسن نواز نے 26 گیندوں پر 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگ میں تین چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔
صائم ایوب 4 رنز پر تیسرا رن لیتے ہوئے رن آؤٹ ہوئے، کپتان سلمان علی آغا 19 رنز بناسکے۔
بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود، تنظیم حسن اور رشاد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت لٹن داس الیون کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔
کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پچ آج بھی دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے، کوشش ہوگی کہ آج بھی بڑا اسکور بنائیں اور بنگلادیش پر دباؤ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ فخر زمان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا ہے، فخر مکمل فٹ نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلادیش کو 37 رنز سے شکست دی تھی اور گرین شرٹس کو تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔