شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ ماہرہ خان نے ’لو گرو‘ میں اپنے کردار سے متعلق بتا دیا۔
اے آ وائی فلمز کی پیشکش ’لو گرو‘ عید الاضحیٰ پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جس میں ہمایوں سعید اور ماہرہ خان مرکزی کردار نبھا رہے ہیں، دیگر اداکاروں میں مومنہ اقبال، جاوید شیخ، احمد علی بٹ، مرینہ خان، مانی لیاقت، رمشا خان، وردا عزیز، عثمان پیزادہ، سہائے علی ابڑو، پولش اداکارہ نتالیا جینوزیک شامل ہیں۔
لو گرو کی ہدایت کاری کے فرائض ندیم بیگ نے انجام دیے ہیں اور اسے ہمایوں سعید نے ہی پروڈیوس کیا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں ہمایوں سعید نے کہا کہ میں حقیقی زندگی میں لو گرو کے کردار کی طرح بالکل بھی نہیں ہوں، میں نے ایسا کردار کبھی نہیں کیا بہت مختلف ہے، مجھے بہت ہی جھوٹا آدمی دکھایا گیا ہے۔
ماہرہ خان نے بتایا کہ آزاد خیال لڑکی ہوں، اپنی مرضی سے چیزوں کا انتخاب کرتی ہے اور جب محبت ہوتی ہے تو چیزیں پیچیدہ ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے حقیقی زندگی میں محبت میں مسائل پر لوگوں کی مدد کی ہے لیکن فلم میں جس طرح ہمایوں سعید نے جھوٹ بولا ہے ایسا زندگی میں کبھی نہیں کیا۔
ایک سوال کے جواب میں ہمایوں سعید نے کہا کہ 2000 میں پہلی فلم انتہا کی جو ہٹ ہوئی اس کے بعد ہمارے سنیما پرانے ہوچکے تھے اور لوگوں کو فلم اچھی بھی لگ رہی ہوتی تھی تو وہ آدھی فلم چھوڑ کر بھاگ جاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جب سنیما کا یہ حال ہوا تو فلمیں بننا بند ہوگئیں، مجھے افسوس ہوا اور پھر ڈراموں میں کام کرنا شروع کردیا پھر ایٹریم پر سنیما بنا تو میری فلم ’میں ہوں شاہد آفریدی‘ لگی، وہاں عوام کا جو ہجوم دیکھا تو حیران رہ گیا ایسے میں نے لوگوں کو کبھی نہیں دیکھا تھا۔
ماہرہ خان نے لو گرو میں رمشا خان کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے گانے میں بہت اچھا پرفارم کیا ہے جسے دیکھ کر ہم حیران رہ گئے۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ اگر سنیما میں عید کے تینوں دن لوگ فلم دیکھنے آگئے تو سمجھ لیں کہ وہ ٹریلر کو دیکھ کر آئے ہیں جس میں پورا پیکیج دکھایا گیا ہے۔