اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا گولڈ میڈل افواج پاکستان کے شہدا کے نام کردیا۔
اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیتنے کے بعد میاں چنوں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنا میڈل پاکستان کی افواج کے نام کرتا ہوں، پاکستان کی قوم اور گھر والوں کی بہت دعائیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی دعاؤں پر شکریہ ادا کرتا ہوں، اس جیت کیلئے بہت محنت کی ہے اور آج الحمدللہ میں نے ایک بار پھر گولڈ میڈل جیتا ہے، آئندہ چیمپئن شپ ٹوکیو میں ہورہی ہے، ٹوکیو چیمپئن شپ کیلئے بھی بھرپور تیاری کرونگا۔
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ پاکستان پہنچنے پر لوگوں نے بہت پیار دیا ہے، پنجاب پولیس کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں بہت عزت دی، میں اپنی جیت اور گولڈ میڈل اپنے شہدا کے نام کرتا ہوں، ہم اپنی افواج کیساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
ایشین گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا وطن واپسی سے قبل قوم کے نام خاص پیغام
گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ والدین اپنی اولاد کیلئے ہمیشہ دعا کرتے ہیں، الحمداللہ حکومت نے سپورٹ کی اور خوشی ہے قوم کی دعائیں میرے ساتھ ہیں۔
ارشد نے بتایا کہ میرےگاؤں میں اسٹیڈیم تیار ہے پنجاب حکومت اور اسپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، نوجوانوں کے لئے پیغام ہے اسٹیڈیم بن رہا ہے ٹریننگ کریں جیسے ہی اسٹیڈیم تیار ہوگا میں نوجوانوں کو ٹریننگ دوں گا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ مینجمنٹ سے مشاورت کے بعد مقابلے میں حصہ لیتا ہوں، عید کے بعد ٹریننگ کیلئے برطانیہ جارہا ہوں، ٹوکیو چیمپئن شپ میں 4 ماہ باقی ہیں اس کی بھر پور تیاری کرونگا۔
خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والی ایتھلٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 52 سال بعد پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتا لیا۔
ارشد ندیم سے قبل ایشین ایتھلیٹکس کی تاریخ میں پاکستان نے آخری بار 1973 میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔