ٹھٹھہ میں کینجھر تھانےکی حدود میں خاتون کی تیزرفتاری نے نوجوانوں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان جاں بحق ہو گئے۔
مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کینجھرتھانےکی جانب سے بااثر خاندان کی خاتون کو بچانےکی کوشش کی جارہی ہے۔ مدعی نے بتایا ان کا چھوٹا بھائی قاسم سرکاری ادارے میں ملازمت کرتا ہے جو عید کی چھٹیوں پر گھر آیا تھا۔
چار جون کو ماموں کے بیٹے ارسلان کیساتھ بائیک پر نکلا تو رانگ وے سے آتی تیزرفتار کار نے بھائی اور ماموں کے بیٹے کو کچل ڈالا، شدید زخمی ارسلان گھارو کے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا جب کہ بھائی قاسم کراچی سی ایم ایچ میں علاج کےدوران دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے حادثہ تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا۔
ٹھٹھہ سےخاتون کی کار چلاتے وقت کی سی سی ٹی وی حاصل کی گئی ہے۔ خاتون ایک بینک کے ڈپٹی سی ای او کی قریبی عزیز بتائی جاتی ہے اور حادثے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی بینک کےنام پر ہے۔
واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اب مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔