شاہ برطانیہ چارلس سوم نے کنزرویٹو پارٹی کی مخالفت کے باوجود لندن کے مسلمان میئر صادق خان کو بڑے خطاب سے نواز دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق لندن کے میئر صادق خان کو ’’سر‘‘ کے بڑے خطاب سے نواز دیا گیا ہے۔ یہ خطاب انہیں شاہ برطانیہ چارلس سوم نے کنزرویٹو پارٹی کی مخالفت کے باوجود عطا کیا ہے۔
نئے سال کے اعزازات میں صادق خان کو گزشتہ 30 دسمبر کو نائٹ کا خطاب دیا گیا تھا۔ کنزرویٹو پارٹی نے انہیں سر کا خطاب دینے کے خلاف پٹیشن پیش کی تھی جس پر دو لاکھ 20 ہزار افراد نے دستخط کیے تھے۔
برطانوی پارلیمنٹ ویب سائٹ کے مطابق صادق خان کے خلاف 30 پٹیشنز دائر ہوئیں جو تمام مسترد کر دی گئی تھیں۔
میئر لندن صادق خان کو سر کا خطاب ملنے پر برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کی جانب سے جاری بیان میں صادق خان کے بطور میئر اقدامات سراہے اور انہوں نے لندن کی صاف ہوا، سستی رہائش اور مفت اسکول کھانوں کی پالیسیوں کی تعریف کی۔
ڈیوڈ لیمی نے مزید کہا کہ ایک بس ڈرائیور کا بیٹا نائٹ بن سکتا ہے، یہی برطانیہ کی خوبصورتی ہے۔