تہران: ایران کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ آج اسرائیل نے دارالحکومت تہران میں ایک اور اسپتال کو فضائی حملے سے نشانہ بنا دیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی نیوز ایجنسی IRNA کی طرف سے شائع بیان میں وزارت صحت نے بتایا کہ یہ ایران کا تیسرا اسپتال ہے جس پر اسرائیل کی جانب حملہ کیا گیا، اس میں چھ ایمبولینس اور جامع ہیلتھ سروس سینٹر پر وحشیانہ بمباری کی گئی۔
ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
وزارت صحت نے کہا کہ بزدلانہ جارحیت کے ایک ہفتے کے دوران اسرائیل کی طرف سے بین الاقوامی کنونشنز کی خلاف ورزی کے چھ سے زیادہ واقعات رونما ہوئے۔
گزشتہ روز اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے سوروقا اسپتال پر ایران کے مبینہ میزائل حملے کے بعد دھمکی آمیز بیان میں کہا تھا کہ تہران کو اس حملے کی پوری قیمت چکانی پڑے گی۔
نیتن یاہو کے علاوہ اسرائیل کے وزیر صحت یوریل بوسو نے بھی اس حملے کو سرخ لکیر عبور کرنا قرار دیا تھا۔ انہوں نے زور دیا تھا کہ اسپتال کو میزائل سے نشانہ بنا کر ایران نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔
یہ بیانات ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن رہے ہیں جہاں گزشتہ روز یروشلم اور تل ابیب سمیت کئی اسرائیلی شہروں میں میزائل حملوں کے بعد دھماکوں کی اطلاعات تھیں۔
اسرائیلی میڈیا نے ملک میں کم از کم چار میزائل گرنے کی جگہوں کی تصدیق کی تاہم ہلاکتوں یا نقصانات کی تفصیلات ابھی تک اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری نہیں کی گئی۔ رہائشیوں کو پناہ گاہوں میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔