کراچی : ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے کراچی سے گرفتار بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ ایجنٹس کے حوالے سے اہم انکشافات کئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے ‘را ایجنٹس کی گرفتاری کے معاملے پر ایس ایس پی ایس آئی یو شعیب میمن نے پریس کانفرنس کی۔
ایس ایس پی شعیب نے انکشافات کئے کہ گرفتار چاروں ملزمان کا تعلق تعلقہ جاتی سے ہے اور ملزمان کا رابطہ بی ایس ایف کے کرنل سے تھا۔
شعیب میمن کا کہنا تھا کہ گرفتارملزمان کے موبائل فرانزک کیلئے بھجوادیئے گئے ہیں ، ملزمان کو رقم ،شراب ودیگر اشیا ملتی تھیں۔
ایس ایس پی نے کہا کہ ملزمان سی پیک اور حساس مقامات کی معلومات جمع کرتے تھے جبکہ گرفتارملزمان سے پاک آرمی کا ٹریننگ مینوئل بھی ملا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ گرفتار را ایجنٹس کیخلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے 4 مبینہ ایجنٹس گرفتار
یاد رہے حساس ادارے اور پولیس نے ضلع ملیر میں خفیہ اطلاع پر بڑی مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے چار مبینہ ایجنٹس گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔
ذرائع نے دعوی کیا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد تصاویر جیوٹیگنگ کے ساتھ ہیں، کارروائی کے دوران ملزمان سے دستی بم ،مختلف ہتھیارموبائل فونز اور سامان برآمد کیا گیا ہے۔
ذراَئع کے مطابق گرفتار ملزمان بھارت میں را ایجنسی سے رابطے میں تھے، ملزمان دشمن ملک کو حساس معلومات فراہم کرتے تھے۔