کراچی: شہر قائد میں ایک اعلیٰ پولیس افسر کے بیٹے کے نام کار پر خوفناک انداز میں سڑک پر ڈرفٹنگ کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک بی ایم ڈبلیو کار کو سڑک پر دیکھا جا سکتا ہے جس نے خوفناک انداز میں ڈرفٹنگ کی، اور ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑا دیں۔
معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کار ڈی آئی جی شوکت علی کھٹیان کے بیٹے حنین شوکت کے نام پر رجسٹرڈ ہے، ڈرفٹنگ کے دوران قریب سے گزرتی دیگر گاڑیاں اس سے ٹکرانے سے بال بال بچ گئیں۔
حنین شوکت نے گاڑی پر غیر قانونی فینسی نمبر پلیٹ بھی لگا رکھی ہے، سی سی ٹی وی سامنے آنے پر پولیس حرکت میں آ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی سے متعلق تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں، اور اس کی تلاش جاری ہے، جب کہ گاڑی حنین شوکت نامی نوجوان کے استعمال میں ہے۔
تاجروں سے کروڑوں روپے لوٹنے والے 2 پولیس اہلکار ساتھیوں سمیت گرفتار
دوسری طرف ڈی آئی جی شوکت علی کٹھیان نے اپنے بیان میں کہا کہ گاڑی ان کے بیٹے کی ہے جو مکینک کو دی گئی تھی، اور ممکنہ طور پر ویڈیو میں کار کو مکینک چلا رہا ہے، تاہم اس سلسلے میں مزید معلومات بھی حاصل کروں گا۔