پولیس نے پتوکی میں شادی رکوانے کے لئے دلہا کو قتل کرنے میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پتوکی میں شادی رکوانے کے لئے دلہا کے قتل میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا، تھانہ صدر نے تفتیش کے بعد ملزم اظہر منظور اور ساجد کو حراست میں لے لیا۔
ملزمان نے مقتول عمر شہزاد کو شادی سے سات دن پہلے چھت پر فائرنگ کر کے قتل کیا تھا، پولیس کی خصوصی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی سے ملزمان کو ٹریس کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم اظہر، مقتول کی منگیتر سے تعلق رکھتا تھا اور عمر شہزاد کی شادی رکوانا چاہتا تھا اس بنا پر اس نے دلہے کو قتل کیا۔
اس سے قبل لاہور ڈویژن کے علاقے سندر میں شادی کے روز نوجوان لڑکی عائشہ حبیبہ کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزم اکرام مقتولہ کا بہنوئی ہے، ملزم نے مقتولہ کو رشتہ کے تنازعہ کی وجہ سے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
ڈی آئی جی سید ذیشان رضا کا کہنا تھا کہ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں کےساتھ نمٹاجائےگا۔