اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے خیبر پختونخوا میں موجودہ حکومت کی تبدیلی کا اشارہ دے دیا۔
امیر مقام نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں موجودہ حکومتی صورتحال میں تبدیلی خارج ازامکان نہیں، صوبے میں کچھ بھی کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تو ہر وقت کہتے ہیں اپوزیشن سے مذاکرات ہونے چاہئیں، پی ٹی آئی کو یہ ادراک ہو کہ پارلیمان میں گالیاں نہیں کردار ادا کرنا ہے تو بات ہو سکتی ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کے خط کو متعلقہ لوگ دیکھیں گے کہ کیا ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا فضل الرحمان کے پی حکومت گرانا چاہتے ہیں؟
(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ 2018 میں نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسمبلی میں میثاق معیشت کی پیشکش کی تھی، ایک طرف خط ہے اور دوسری طرف علیمہ خانم نے احتجاج کا بتایا ہے، پی ٹی آئی میں موجود گروپس میں یکسوئی نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں ہر ایک بندے کی اپنی اپنی تشریح ہے ان کے بیانات دیکھ لیں، پی ٹی آئی میں بہت دھڑے بندی ہے ہر ایک کا اپنا اپنا گروپ ہے۔