اسلام آباد : چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے اعلان کیا ہے کہ ٹیکس دینے والوں کو چھیڑیں گے نہیں، ٹیکس چوروں کو چھوڑیں گے نہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ریونیو کے حوالے سے بڑا اچھا گزرا، ہمارے لئے ٹیکس پیئر سب سے اہم ہے، جس طرح کارپوریٹ سیکٹر کیلئے اس کا کلائنٹ اہم ہوتا ہے، ویسے ہی ہمارے لئے ہے۔
راشد محمود لنگڑیال کا کہنا تھا کہ جو شخص ٹیکس دیتا ہے، وہی ملک کے نظام کو چلانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ہماری کوشش ہے، ٹیکس پیئر کو تنگ نہ کیا جائے۔
انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات ہیں کہ اعتماد بحال کرنا ہے، ٹیکس پیئر کو پیغام ہے، ایف بی آر کے دروازے آپ کیلئے کھلے ہیں، ٹیکس پیئر کو کسی قسم کا وقت نہیں لینا پڑے گا وہ جب چاہے مل سکتا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ہم نےایف بی آر میں بہت ساری اصلاحات کی تھیں، ایف بی آرمیں ایمانداری کے کلچر کو فروغ دینا ہے، ٹیم کو بتا دیا اگر کوئی بھی افسر اختیارات کا غلط استعمال کرے گا تو معافی نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جوٹیکس دے رہا ہے، وہ معاشرے اور حکومت کیلئے سر کا تاج ہے لیکن ٹیکس چوری کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا اور اصلاحات اورنگرانی کے نام پرٹیکس پیئر کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
راشد محمود نے کہا کہ جن افسران کی کارکردگی اچھی نہیں تھی انہیں ہٹا دیا گیا، ہم نے پرفارمنس انڈیکس کی بنیادپرسیلری فکس کی، ہم نے ایف بی آر میں ڈیجیٹل اورایچ آرسائٹ پر کام کیا ہے۔