بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایشیا کپ بھارت کی میزبانی میں نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشیا کپ 4 یا 5 ستمبر سے شروع ہوسکتا ہے، اس صورت میں گروپ مرحلے کا پاک بھارت ٹاکرا 7 ستمبر کو دبئی میں ہوگا جبکہ سپر فور کا میچ 14 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارت کی میزبانی میں ہونے والا ایشیاء کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا جس کے لیے یو اے ای کو وینیو کے طور پر رکھے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس کا فائنل 21 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایشیاء کپ میں پاکستان، بھارت، افغانستان، بنگلادیش، سری لنکا اور یو اے ای کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
پہلگام واقعے سے قبل چیمپئنز ٹرافی فائنل کے دوران بھی ایشیائی ملکوں کے حکام کے درمیان ایشیا کپ سے متعلق بات چیت ہوئی تھی۔
اس وقت بھی یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ رواں سال ستمبر میں شیڈول ایشیاء کپ ایونٹ کا میزبان بھارت ہی رہیگا تاہم میچز کا انعقاد ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں ہوگا۔
ایشیا کپ پر چھائے غیریقینی کے بادل چھٹنے لگے، ممکنہ شیڈول سامنے آگیا
بھارت نے ایونٹ کی ذمہ داری بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا کو سونپی ہے، ایشیا کپ رواں سال دفاعی چیمپئن بھارت میں شیڈول ہے اور آئندہ برس ٹی 20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ ایونٹ بھی ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جانا ہے۔