جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

ایران نے امریکی حملوں میں فردو جوہری تنصیب پر بھاری نقصان کی تصدیق کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

تہران: ایران نے پہلی بار امریکی فضائی حملوں میں فردو جوہری تنصیب پر سنگین اور بھاری نقصان ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سی بی ایس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں تصدیق کی کہ فردو جوہری تنصیب پر امریکی بمباری سے سنگین اور بھاری نقصان پہنچا ہے۔

ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

عباس عراقچی نے انٹرویو میں کہا کہ کسی کو قطعی طور پر معلوم نہیں ہے کہ فردو میں کیا ہوا ہے، لیکن یہ کہا جا رہا ہے اور جو ہم اب تک جانتے ہیں وہ یہ ہے کہ جوہری تںصیب کو شدید اور بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم اس وقت امریکی حملوں سے تباہی کا جائزہ لینے کا کام کر رہی ہے جس کی رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے گی۔

واشنگٹن پوسٹ نے اتوار کو امریکی حکومت کی خفیہ انٹیلی جنس سے واقف چار افراد کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر امریکی حملوں کی وجہ سے ہونے والے نقصان پر پردہ ڈالا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے، لیکن امریکی حکام تسلیم کرتے ہیں کہ حملوں سے ہونے والے نقصان کا مکمل اندازہ لگانے میں وقت لگے گا۔

گزشتہ روز سی بی ایس کو دیے گئے انٹرویو میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ اور جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد امریکا کے ساتھ فوری مذاکرات شروع ہونے کا امکان مسترد کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں عندیہ دیا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات اس ہفتے دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں جبکہ وائٹ ہاؤس نے واضح کیا تھا کہ تہران کے ساتھ سرکاری طور پر کوئی بات چیت طے نہیں ہے۔

تاہم عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات اتنی جلدی دوبارہ شروع ہوں گے، ہمارا مذاکرات میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ اس بات سے مشروط ہوگا کہ امریکا اس دوران حملے نہ کرے تاہم میں سمجھتا ہوں کہ ان تمام تحفظات کے ساتھ ہمیں ابھی مزید وقت درکار ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں