جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قبول نہیں، فوری کم کی جائیں، حافظ نعیم الرحمان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر بوجھ بڑھا دیا گیا، قیمتوں میں اضافے کی شدید مخالفت کرتے ہیں، یہ کسی صورت قبول نہیں فوری کم کی جائیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پر 15 دنوں میں دو دفعہ پیٹرول بم گرایا گیا، پیٹرولیم لیوی 100 روپے تک پہنچ گئی ہے، پاکستان جنگ میں مبتلا رہا یہاں معاشی بحران ہیں، بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس نہیں لگاتے اور چھوٹے کاشتکاروں کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل پر کاربن لیوی عائد

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا معاملہ انصاف کے اصولوں کے منافی ہے، یہ حکمران اتحاد کو مل جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ پاس کرنے کیلیے حکومت کے پاس تعداد موجود ہوتی ہے، اب تو مخصوص نشستیں ملنے کے بعد تعداد میں اضافہ ہوگیا، ہم نے 26ویں آئینی ترمیم کے وقت کہا تھا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے، یہ سب کچھ اشرفیہ کو نوازنے کا عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ٹیکسز لاگو کیے گئے عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا، آئی ایم ایف کے کہنے پر سب کچھ کیا گیا، سرکاری اخراجات میں کمی لاتے، صدر اور وزیر اعظم ہاؤس بجٹ میں کمی کرتے۔

چند روز قبل لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے مخصوص نشستوں کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حق قرار دیا تھا۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق تھا، ایک اصولی سیاست اور دوسری وصولی سیاست ہے، مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کی بندر بانٹ کی گئی ہے، اصولی سیاست والی جماعتوں کو مخصوص نشستیں لینے سے انکار کرنا چاہیے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں