پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے احکامات پر شمالی علاقہ جات کیلئے ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق شمالی علاقہ جات کیلئے ڈرونز خریدنے کی سمری پیش کر دی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر سیاحتی و دریاؤں والے علاقوں کیلئے 30 ڈرونز خریدے جائیں گے جن میں 10 بڑے اور 20 چھوٹے ڈرونز ہوں گے۔
ایمرجنسی میں 4 بڑے ڈرونز خریدے جائیں گے۔
بڑےڈرونز لائف جیکٹس، رسی اور دیگر امدادی سامان کی ترسیل میں استعمال ہوں گے جب کہ چھوٹے ڈرونز مختلف ریسکیو آپریشن کی نگرانی اور امدادی کاموں میں استعمال ہوں گے۔
ریسکیو 1122 کو 2 ہزار لائف جیکٹس بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت نے سیلابی صورتحال میں ریسکیو کیلئے ڈرون حاصل کر لیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈرون سے لائف جیکٹس، رسیاں، دیگر سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔ چیف سیکرٹری کےپی شہاب علی شاہ کو ڈرون مشق کا مظاہرہ دکھایا گیا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ریسپانس پلان کا ازسرنو جائزہ لیا ہے ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم بہتر بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکاروں کی آپریشنل صلاحیت بڑھانے کیلئے بھی کام جاری ہے لوکل کمیونٹی کو ایمرجنسی ریسپانس کےلیے تربیت دی جائے گی۔
چیف سیکرٹری نے سیاحتی مقامات پر ہوٹلوں کو حفاظتی سامان کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کر دیا۔