پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد اب کراچی کے شہریوں پر مہنگائی کا ایک اور بم گرنے کو تیار ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے بھی کرایوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے۔
آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر محمد نواب نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں اضافے پر حکومتی فیصلے کی مذمت کی ہے۔
صدر ٹرانسپورٹ اتحاد نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں فوری طور پر اضافہ واپس لیا جائے۔ اگر ڈیزل کی سابقہ قیمت بحال نہ کی گئی تو پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا جائے گا۔
محمد نواب کا کہنا تھا کہ کرایوں میں اضافہ تمام ٹرانسپورٹرز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام سمیت تجارت اور صنعت سے وابستہ حلقوں، سیاسی جماعتوں نے مسترد کرتے ہوئے اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد کئی شہروں میں انٹر سٹی اور انٹراسٹی ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے کی اطلاعات ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے کے ساتھ مٹی کے تیل کی قیمت بھی بڑھا دی ہے۔